پاک چین بحری مشقوں کا آغاز


پاک چین بحری مشقوں کا آغاز

پاکستان اور چین کی بحری افواج کے مابین چھٹی دو طرفہ مشق سی گارڈینز 2020کا آغاز ہوگیاہے۔

تسنیم خبررساں ادارے نے پاک بحریہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ  مشقوں کی افتتاحی تقریب آج کراچی میں منعقد ہوئی۔

چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ژن تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق بھی اس موقع پر موجود تھے۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق نے کہا کہ مشق سی گارڈینز کراچی اور پاکستان کی سمندری حدود میں منعقد کی جائے گی۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ کا کہنا تھا کہ مشق سی گارڈینز کا انعقاد دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے نئے دور کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشق میں پاک بحریہ کے اثاثوں کے علاوہ چینی بحری اثاثے بشمول جنگی بحری جہاز فلیٹ ٹینکر اور میرین فورسز حصہ لیں گے۔

مشق سی گارڈینز 2020 کا مقصد سمندری خطرات کے خلاف پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ اور بحری تعاون کا فروغ ہے۔

یہ دوطرفہ مشق خطے میں محفوظ اور مستحکم میری ٹائم ماحول کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری