رانا ثنا اللہ کے خلاف تحقیقات میں اہلیہ، بیٹی اور داماد بھی شامل


رانا ثنا اللہ کے خلاف تحقیقات میں اہلیہ، بیٹی اور داماد بھی شامل

نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثہ جات تحقیقات میں لیگی رہنما رانا ثنااللہ کی اہلیہ،بیٹی اور داماد کو بھی شامل تفتیش کرلیا۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق،  قومی احتساب بیورو نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات میں سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ کی اہلیہ ،بیٹی اور داماد کو بھی شامل تفتیش کرلیا۔

نیب نے رانا ثناءاللہ کی اہلیہ، داماد اور بیٹی کو بھی اثاثہ جات فارم جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، نیب نے فیملی کے تینوں اراکین سے متعلق رانا ثناءاللہ سے سوال وجواب بھی کیے تھے،علاوہ ازیں نیب نے رانا شہریار کے اثاثوں کی بھی چھان بین شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ2 جنوری 2020 کو نیب لاہور نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں سابق وزیر قانون رانا ثنااللہ کوطلب کیا تھا۔

نیب نے رانا ثنا اللہ کے خلاف آمد ن سے زائد اثاثے بنانے کی انکوائری شروع کی تھی۔

یاد رہے کہ 24 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ نے منشیات برآمدگی کیس میں سابق وزیر قانون کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا تھا،علاوہ ازیں عدالت نے10،10 لاکھ روپے مایت کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا تھا۔

ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد لیگی رہنما کو لاہور کیمپ جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ یکم جولائی کو پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حراست میں لیا تھا۔ اے این ایف کے مطابق فیصل آباد کے قریب ایک خفیہ کارروائی کے دوران گاڑی سے بھاری مقدارمیں منشیات برآمد کی گئی تھی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری