پاکستان؛ غیرملکی سرمایہ کاری میں 68فیصد اضافہ


پاکستان؛ غیرملکی سرمایہ کاری میں 68فیصد اضافہ

پاکستان میں رواں مالی سال پہلی سہ ششماہی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری 68.3فیصد اضافے کے ساتھ 1.34ارب ڈالر تک پہنچ گئی جہاں گزشتہ سال اسی دورانیے میں 796.8ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافے کی ایک وجہ ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں وارد، ٹیلی نار اور زونگ کی جانب سے لائسنس کی تجدید کے لیے جمع کرائی گئی رقم ہے۔

ڈان اخبار نے خبر دی ہے کہ  ان میں سے اکثر سرمایہ کاری چین اور ناروے کی جانب سے ٹیلی کمیونیکیشن، توانائی اور الیکٹریکل مشینری کے شعبوں میں کی گئی اور اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار سے سرمایہ کاروں کی فہرست میں حیران کن طور پر مالٹا کی شمولیت کا انکشاف ہوتا ہے جس نے جولائی سے دسمبر تک 111.1ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔

مختلف شعبہ جات کی بات کی جائے تو ٹیلی کمیونیکیشنز کے شعبے میں مجموعی طور پر مالی سال 2020 کی پہلی ششماہی میں 432ملین ڈالر کی غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی جہاں گزشتہ سال اسی دورانیے میں مجموعی طور پر 126.3ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔

ٹیلی کام کے ساتھ ساتھ توانائی کے شعبے میں بھی 289.7ملین ڈالر کے ساتھ 41.6فیصد کا اضافہ دیکھا گیا، ان میں سے آدھی سے زائد 153ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس پر کی گئی۔

البتہ جولائی سے دسمبر تک مالیاتی کاروباری میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کم ہو کر 162.1ملین ڈالر تک پہنچ گئی جہاں گزشتہ سال اسی دورانیے میں 202.2ملین ڈالر کی سرمایہ کا رجحان دیکھا گیا تھا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق حکومتی قرضوں کی دستاویزات میں ابتدائی 6ماہ کے دوران غیرملکی پبلک سرمایہ کاری جیسے کہ ٹی بلز اضافے کے ساتھ 452.2ملین ڈالر پر پہنچ گئے ہیں جس سے کُل بیرونی سرمایہ کاری 1.811ارب ڈالر پر پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں گزشتہ سال اسی عرصے میں 37ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی تھی۔

ملکوں کے اعتبار سے بات کی جائے تو چین بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے جس کی جانب سے کُل 422.3ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جبکہ دوسرے نمبر پر ناروے موجود ہے جس کی جانب سے اسی عرصے میں 288.5ملین کی سرمایہ کی گئی۔

اسٹیٹ بینک کے ریزرو

10جنوری کو ختم ہونے والے ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 82.30ملین ڈالر کے اضافے سے 11.586ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جس کے ساتھ ہی اسٹیٹ بینک کے ذخائر 21ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری