پاکستان میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد 50 ہزار میگاواٹ


پاکستان میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد 50 ہزار میگاواٹ

پاکستان میں بجلی پیدا کرنے کے شعبہ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد 50 ہزار میگاواٹ ہے

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد 50 ہزار میگاواٹ ہے۔ جوگرمیوں میں بجلی کی زیادہ سے زیادہ طلب سے بھی دوگنا ہے۔

سال 2007ءمیں ملک میں ہوا سے 750 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی تھی جو اب 2000 میگا واٹ تک بڑھ چکی ہے۔

متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے شعبہ کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں متبادل ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع دستیاب میں جن میں سورج ‘ہوا ‘ پانی اور کوڑے کرکٹ سے بجلی پیدا کرنے کے ذرائع شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تیل و گیس سے بجلی کی پیداواری لاگت زیادہ ہوتی ہے اور دوسری جانب پاکستان پٹرولیم کی مصنوعات کی ملکی طلب پوری کرنے کے لئے درآمدات پر انحصار کرتا ہے اس لئے درآمدات بڑھنے سے زرمبادلہ کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں ہوا کی مدد سے 50 ہزار میگاواٹ سستی اور شفاف بجلی پیدا کرنے کی استعداد موجود ہے جس کی کئی عالمی ادارے بھی تصدیق کرچکے ہیں۔

 

 ماہرین نے کہا کہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے کارخانے 32 فیصد کی استعداد کے مطابق پیداوار حاصل کررہے ہیں جبکہ نئے لگائے جانے والے ونڈ پاور پلانٹس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداواری صلاحیت کو 39 فیصد تک بڑھایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ونڈ کو ریڈورز میں اگر 38‘39فیصد پیداواری استعداد کے مساوی بھی بجلی پیدا کی جائے تو پھر بھی پاکستان صرف ہوا کی مدد سے 18تا 20 ہزار میگاواٹ باآسانی پیدا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف دوسال کے قلیل عرصہ کے دوران ملک میں ہوا سے بجلی کی پیداوار میں 1250 میگا واٹ اضافہ ہوا ہے تاہم شفاف اور سستی بجلی پیدا کرنے کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری