ایران اورپاکستان میں کوروناوائرس کے متاثرین کی تعداد میں مزید اضافہ، تازہ ترین اعداد وشمار جاری


ایران اورپاکستان میں کوروناوائرس کے متاثرین کی تعداد میں مزید اضافہ، تازہ ترین اعداد وشمار جاری

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مختلف شہروں میں مزید 1762 افراد کورونا وائرس کا شکارہوئے ہیں۔

تسنیم خبررساں ادارے کے مطابق، اسلامی جمہوریہ  ایران کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے مختلف شہروں میں 1762 نئے کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 24ہزار811 ہوگئی ہے۔

ایرانی وزارت صحت کے ترجمان نے نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید122 افراد انتقال کرجانے کےبعد کل جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1934 ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8931 افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ادھر پاکستان میں بھر میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 932 ہوگئی ہے جب کہ 7 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس سے متعلق حکومت پاکستان کی ویب سائیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق مزید 17 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 932 ہوگئی ہے۔

تصیلات کے مطابق سندھ میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 407، پنجاب میں 267، بلوچستان میں 110، گلگت بلتستان میں 80، خیبر پختونخوا میں 38 جب کہ اسلام آباد میں 15 اور آزاد کشمیر میں ایک ہے۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جس کے بعد سرکاری اعداد و شمار کے تحت کورونا وائرس سے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے جب کہ 6 افراد صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جاچکے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھرمیں کورونا وائرس نہایت تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے روک تھام کے لئے عوام سے گھروں میں رہنے کی اپیل کی جارہی ہے۔

پاکستان کے مختلف شہروں میں آمد و رفت اور گھروں سے باہر نکلنے پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔

 

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری