پاکستان میں یوم شہادت مولائے کائنات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے


پاکستان میں یوم شہادت مولائے کائنات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں امیرالمومنین حضرت علیؑ ابن ابی طالبؑ کے یوم شہادت کی مناسبت سے جلوس برآمد ہوئے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق، کراچی میں یوم شہادت حضرت امام علیؑ کے موقع پر تمام حکومتی ایس او پیز پر عمل درآمد کے ساتھ مرکزی مجلس عزا کا انعقاد نشترپارک میں کیا گیا۔

ضمیر الحسن ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ مرکزی مجلس عزا سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔ مرکزی جلوس عزا روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔

عزاداران امام علیؑ کی جانب سے کورونا وبا کے پیش نظر حکومتی ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا، اسکاوٹس گروپ اور انتظامیہ کی جانب سے عزاداروں میں ماسک، دستانے تقسیم کیے گیے۔

شرکا مرکزی مجلس و جلوس عزا کیلئے ہینڈ سینٹائزر کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

مجلس و جلوس کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے نشترپارک اور جلوس کے روٹ کو کلیئر کیا، مرکزی مجلس عزا مقررہ وقت سے قبل شروع ہوگئی، مجلس کا وقت سات بجے مقرر کیا گیا تھا، تاہم مجلس صبح ساڑھے چھ بجے شروع کر دی گئی۔

 مجلس عزا کے اختتام پر یوم علیؑ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا، جلوس میں عزادارن امام علیؑ کی بڑی تعداد موجود ہے، جلوس میں علم، تابوت، شبیہ ذوالجناح کی زیارات بھی موجود ہیں، جلوس میں عزاداران امام علیؑ کی جانب سے سوشل ڈسٹنس کا خیال رکھا جا رہا ہے۔

 مرکزی جلوس ایم اے جناح روڈ پر پہنچنے کے بعد روایتی راستوں پر رواں دواں ہے، جو امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان کھارادر پہنچ کر اختتام پزیر ہوگا۔

لاہور میں شہادت حضرت علی علیہ السلام کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہوا۔ جلوس کی برآمدگی سے قبل مجلس عزاء برپا کی گئی جس میں مولائے متقیان کے مصائب کا ذکر کیا گیا۔

جلوس کے راستے میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے جبکہ شہر میں امن و امان کے قیام کیلئے ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ جلوس کے شرکاء رنگ محل چوک میں نماز ظہرین ادا کریں گے جس کے بعد جلوس اپنے روایتی راستے پر گامزن ہو جائے گا اور افطاری سے قبل کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

پاکستان کے دیگر شہروں من جملہ کوئٹہ، پشاور، پاراچنار، ملتان، ڈیرہ اسماعیل خان اور حیدر آباد میں بھی حضرت امام علی (ع) کی شہادت کے موقع پر ماتمی جلوسوں، مجالس اورعزاداری و شب بیداری کا سلسلہ جاری ہے جس میں علمائے کرام مقررین اور ذاکرین، خاندان نبوت کے مصائب بیان اور حیات امام علی (ع) پہ روشنی ڈال رہے ہیں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری