پشاور کے جوان، مار گئے میدان


پشاور کے جوان، مار گئے میدان

پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58 رنز سے شکست دے پی ایس ایل ٹو کا تاج اپنے سر پر سجا لیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لگاتار دوسرے فائنل میں شکست ہوئی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا، تاہم جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 16.3اورز میں محض 90رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل کے فائنل میں دوسری بار شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

پچھلے سیزن میں بھی فائنل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرا کر ٹرافی اپنے نام کر لی تھی۔

اس پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے اور تما م بڑے شہروں میں مختلف مقامات پر لگائی گئی بڑی سکرینوں کے ذریعے عوام نے میچ دیکھا۔

پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز، گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ، وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، گورنر گلگت بلتستان، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے قذافی اسٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھا۔

میچ شروع ہونے سے پہلے قذافی سٹیڈیم میں ایونٹ کی شاندار اختتامی تقریب بھی کی گئی جس میں نہ صرف نامور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا بلکہ پاک فوج کے جوانوں نے زبردست پیرا ٹروپنگ کر کے تماشائیوں کا جوش دوگنا کر دیا۔

اگرچہ یہ فائنل میچ سنسنی خیز نہ ہو پایا اور پشاور زلمی نے 58 رنز کے بڑے مارجن سے باآسانی اسے اپنے نام کر لیا، تاہم پاکستانی شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری