ویمن ایک روزہ کرکٹ سیریز میں بھی پاکستان کا فاتحانہ آغاز


ویمن ایک روزہ کرکٹ سیریز میں بھی پاکستان کا فاتحانہ آغاز

ویمن ایک روزہ سیریز میں پاکستان نے مہمان بنگلہ دیش ٹیم کو 29 رنز سے باآسانی شکست دے دی ہے۔  

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں میزبان پاکستان نے مہمان بنگلہ دیش ویمنز ٹیم کو 29 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے اوپنر ناہیدہ خان کی نصف سنچری کی بدولت 215 رنز بنائے جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 48ویں اوور میں 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

اس سے قبل قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ناہیدہ خان اور سدرہ امین پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے میزبان ٹیم کو 59 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

جویریہ خان کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد ناہیدہ خان اور کپتان بسمعہ معروف کے درمیان 69 رنز کی شراکت نے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔ ناہیدہ خان 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں ان کی اننگز میں 7 چوکے شامل تھے۔

بسمعہ معروف 39 اور عالیہ ریاض 37 رنز بنا کر نمایاں بیٹرز رہیں۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 48.5 اوورز میں 215 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے جہاں آراء عالم نے 3 جبکہ پنا گوش اورناہیدہ اختر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔216 رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی ابتدائی 2 وکٹیں محض 9 رنز پر گرگئیں جس کے بعد بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم 47.4 اوورز میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر نگار سلطانہ نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا تاہم وہ بھی 58 رنز پر پولین لوٹ گئیں۔  

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ثنا میر نے 49 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال اور ڈیانا بیگ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اوپنر ناہیدہ خان کو میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔ سعدیہ اقبال نے پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم نے مہمان بنگلہ دیش ٹیم کو ٹی 20 سیریز کے تینوں میچوں میں ہرا کر چکلین سوئپ کر دیا تھا۔

ون ڈے سیریز کا دوسرا اور آخری میچ 4 نومبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم ہی میں کھیلا جائے گا۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری