افغانستان: سکول جاتے ہوئے معصوم بچوں پر موت جھپٹ پڑی


افغانستان: سکول جاتے ہوئے معصوم بچوں پر موت جھپٹ پڑی

افغانستان کے شمال مشرقی صوبے تخار میں بارودی سرنگ کے دھماکے کی زد میں آکرسکول جاتے ہوئے 9 بچے جاں بحق ہوگئے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق افغانستان کے شمال مشرقی صوبے تخار میں بچے سکول جارہے تھے کہ بارودی سرنگ کا نشانہ بن گئے۔

صوبے کے پولیس ترجمان خلیل عصر کا کہنا تھا کہ یہ علاقہ طالبان کے کنٹرول میں ہے اور افغان سیکیورٹی فورسز کے حملوں کے باعث طالبان نے اس علاقے میں بارودی سرنگیں بچھا رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ان میں سے ایک بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں پرائمری سکول کے 9 بچے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس افسر کے مطابق ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 9 سے 12 سال کے درمیان ہیں اور ان کے خاندان کا تعلق طالبان سے تھا۔

دوسری طرف طالبان ترجمان نے اس حملے پر تاحال خاموشی اختیار کی ہوئی ہے اور ان کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں جاری دہشتگردی کی زد میں اکثر معصوم بچے بھی آجاتے ہیں۔ عام بم دھماکوں کے علاوہ کبھی بارودی سرنگ پھٹنے کی وجہ سے اور کبھی کسی شیل کو کھلونا سمجھ کر اٹھا لینے سے بہت سے بچے لقمہء اجل بن چکے ہیں۔

 

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری