پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے باران رحمت، رحمت بن گئی


پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے باران رحمت، رحمت بن گئی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی میں کھیلے جانے والا پہلا ٹی ٹوینٹی میچ بارش کی وجہ سے بلانتیجہ ختم کر دیا گیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوینٹی میچ بارش کی نذر ہو گیا جس پر پاکستانی کھلاڑیوں نے سکھ کا سانس لیا جبکہ آسٹریلوی ٹیم مایوسی کا شکار نظر آئی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ٹاس جیت کرپاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان کی بیٹنگ جاری تھی کہ ابھی 12 اووز کا کھیل مکمل ہوا تھا اور پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنا لیے تھے تو عین اسی وقت بارش شروع ہو گئی اور میچ کو روک دیا گیا۔

بارش کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت میچ کو 15 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان نے 15 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنائے لیکن ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت آسٹریلیا کو جیت کیلئے 119 رنز کا ہدف دیا گیا۔

آسٹریلیا نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور ابھی 3.1 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر 41 رنز ہی بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کے بعد تقریبا آدھے گھنٹے سے زائد بارش رکنے کا انتظار کیا گیا لیکن بارش مسلسل ہونے پر میچ کو بلا نتیجہ ختم کر دیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کی دھواں دار بیٹنگ سے اس کے عزائم واضح ہو چکے تھے اور بلاشبہ میچ کا جھکائو آسٹریلیا کے حق میں تھا، اسی لئے دوبارہ بارش ہونے پر پاکستانی کھلاڑیوں نے سکھ کا سانس لیا جبکہ آسٹریلوی ٹیم مایوسی کا شکار نظر آئی۔

یاد رہے کہ سیریز کا دوسرا ٹی 20 میچ 5 جبکہ تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری