ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈاؤن/ مرکزی دفاتر سیل، اہم رہنما زیر حراست


ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈاؤن/ مرکزی دفاتر سیل، اہم رہنما زیر حراست

الطاف حسین کے اشتعال انگیز بیانات کے بعد رینجرز نے ایم کیو ایم کے خلاف کریک ڈاون کے دوران نائن زیرو سمیت تمام مرکزی دفاتر سیل کرکے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔

تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق، رینجرز نے اپنے کریک ڈاون میں نائن زیرو سمیت متحدہ قومی موومنٹ کے تمام دفاتر سیل کرکے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، عامر خان، خواجہ اظہارالحسن، ڈاکٹر عامر لیاقت سمیت کئی رہنما اور کارکنان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کے اشتعال انگیز بیانات کے بعد رینجرز نے کارروائی کرکے نائن زیرو سمیت پارٹی کے اہم دفاتر سیل کر دیئے ہیں جبکہ کئی اہم  رہنما اور کارکنان کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کلب پہنچے تو رینجرز اہلکاروں نے انہیں حراست میں لے لیا اور خطاب کرنے کی اجازت نہ دی۔

ان کی خواہش پر ان کو انہی کی گاڑی میں بٹھا کر رینجرز ہیڈکوارٹر منتقل کردیا گیا۔

ادھر رینجرز کی بھاری نفری نے ایم کیوایم رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت کے آئی آئی چند ریگر روڈ پر واقع دفتر کو بھی گھیرے میں لے لیا اور انہیں گرفتار کر کے اپنے ساتھ لے گئے۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کو فون کرکے کراچی میں امن و امان ہر صورت میں بحال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہر میں امن او امان کی صورتحال خراب کرنے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

اسی طرح ایڈیشنل آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر نے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایس پیز کو اپنے اپنے علاقوں میں امن کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔ اس کے علاوہ اے آئی جی نے ایس ایچ اوز کو بھی اپنے علاقوں میں قیام امن کی خصوصی ہدایات دی ہیں۔

دوسری جانب حیدرآباد میں بھی پولیس کو ایم کیوایم کے دفاتر کا گھیراؤ کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑے پیمانے پر شہر بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر کے خلاف کارروائیاں شروع کردی ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں حالات کی کشیدگی اور ایم کیوایم کے دفاتر کے سیل ہونے اور اہم رہنماؤں کی گرفتاریوں کے بعد ایم کیوایم کی آفیشل ویب سائٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری