خطے میں استحکام اور خوشحالی افغانستان کے استحکام سے مشروط ہے ، راحیل شریف


خطے میں استحکام اور خوشحالی افغانستان کے استحکام سے مشروط ہے ، راحیل شریف

جنرل راحیل شریف نے یو ایس سینٹ کام کے تحت منعقد ہونے والی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لئے افغانستان میں استحکام ناگزیر ہے۔

تسنیم نیوز کے مطابق، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے یو ایس سینٹ کام  کے تحت منعقد ہونے والی ایک روزہ کانفرنس میں شرکت کی۔

کشمیر ریڈر نے خبر دی ہے کہ کانفرنس میں پاکستان کے علاوہ  افغانستان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کے فوجی سربراہان نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں جنرل راحیل شریف نے علاقائی امن کی صورتحال،  قیام امن میں درپیش مشکلات  اور کانفرنس میں شریک جرنیلوں کے ممالک کی ترقی کے نکات پر روشنی ڈالی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ صرف مالی بلکہ جانی نقصان اٹھانے کے حوالے سے دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

پاک فوج کے سربراہ نے کانفرنس میں شریک ممالک کو آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں اور اس میں دی گئی پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں سے بھی آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کی گئیں جب کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

جنرل راحیل شریف نے کانفرنس کے شرکاء کوعموما اور افغانستان کو خصوصا اپنے لامحدود اور مستقل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دیگر ممالک کی افواج پاک فوج کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں۔

افغانستان کے حوالے سے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ خطے میں استحکام اور خوشحالی افغانستان کے استحکام سے مشروط ہے جبکہ افغانستان میں امن و استحکام باہمی تعاون اور کوششوں سے ہی ممکن ہے۔

وہ یو ایس سینٹ کام کے تحت منعقد ہونے والی  ایک روزہ کانفرنس  سے خطاب کررہے تھے۔

سب سے زیادہ دیکھی گئی دنیا خبریں
اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری