راولپنڈی میں دسویں محرم کا جلوس با حفاظت اختتام پذیر ہوا/ تصویری رپورٹ


راولپنڈی میں دسویں محرم کا جلوس با حفاظت اختتام پذیر ہوا/ تصویری رپورٹ

راولپنڈی میں دسویں محرم کا مرکزی جلوس بغیر کسی ناخوشگوار واقعے کے امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق، راولپنڈی میں دسویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق، راولپنڈی میں یوم عاشورہ محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں ٹرنک بازار، فوارہ چوک، راجہ بازار، پرانا قلعہ، جامعہ مسجد روڈ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا۔

راولپنڈی کے دیگر علاقوں سے نکلنے والے شبیہ علم و ذوالجناح کے جلوس بھی اسی جلوس میں شامل ہوئے۔

جلوس کے شرکاء نے فوراہ چوک پر پہنچ کر نماز ظہرین ادا کی۔ اس موقع پر عزداروں نے نوحہ خوانی، ماتم داری اور زنجیرزنی کرکے کربلا والوں سے اپنی عقدیت کا اظہار کیا اور خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو پرسہ دیا۔

یوم عاشور کے مرکزی جلوس کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے تھے اور موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رکھی گئی۔ جلوس کے راستے پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ بھی کی گئی۔

جلوس کے اختتام پر شام غریباں کی مجالس برپا کی گئیں جن میں علماء اور خطباء نے حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جان نثاروں کی عظیم شہادت اور فضائل بیان کیے۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری