ہلیری کلنٹن کی صدارتی مباحثے جیتنے کی ہیٹ ٹرک


ہلیری کلنٹن کی صدارتی مباحثے جیتنے کی ہیٹ ٹرک

امریکہ کے صدارتی امیدواروں کے درمیان تیسرا اور آخری مباحثہ بھی ہلیری کلنٹن نے جیت لیا

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق، تینوں صدارتی مباحثوں میں ہیلری کلنٹن کی واضح کامیابی سے امریکی صدارتی انتخابات کے نتائج کا اندازہ لگانا آسان ہوتا جا رہا ہے۔

جیو نیوز نے خبر دی ہے کہ یہ امریکہ کے صدارتی انتخاب میں دونوں امیدواروں کے درمیان یہ تیسرا اور آخری مباحثہ تھا جس کا نتیجہ پہلے 2 مباحثوں سے جدا نہیں نکلا۔

سروے کے مطابق ہلیری کو 52 فیصد اور ٹرمپ کو 39 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہے۔

ٹرمپ نے بھی ہواوں کا رخ بھانپتے ہوئے امریکہ کے انتخابی عمل پر سوالیہ نشان اٹھا دیا اور کہا کہ نتیجہ آنے کے بعد ہی وہ انتخابات کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

امریکی صدارتی انتخاب کی دوڑ میں شامل دونوں امیدواروں کے درمیان آخری مباحثے میں بھی گرما گرم بحث ہوئی۔

ری پبلکن صدارتی امیدوار ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ کو اب سعودی عرب، کوریا اور دیگر ملکوں کی حفاظت کرنا بند کردینا چاہیے۔

ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایٹمی ہتھیار چلانے کے حامی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ایٹمی ذمہ داری رکھنے والے دس میں سے کسی ایک سابق امریکی صدر نے ان کی حمایت نہیں کی۔

ہلیری کلنٹن نے مزید کہا  ٹرمپ امریکی جمہوریت کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹرمپ کو روسی صدر پیوٹن کی حمایت حاصل ہے اور روس امریکہ کے انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔
ٹرمپ نے یہ الزامات رد کرتے ہوئے جواب دیا کہ وہ روسی صدر پیوٹن کو نہیں جانتے، ہلیری کلنٹن اسٹیبلشمنٹ کی امیدوار ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ہلیری کی انتخابی مہم میں ٹیکس دینے والوں کا پیسہ استعمال ہو رہا ہے۔

دوسری جانب ہلیری کلنٹن نے عوام پر سرمایہ کاری کر کے ملک کا قرضہ ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ یہ آخری صدارتی مباحثہ بھی ہیلری کلنٹن نے جیت لیا ہے۔

اہم ترین دنیا خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری