بھارت، چین اور جاپان سرمایہ کاری کے لئے تیار/ امریکی پابندیوں کا ایران پر کوئی اثر نہیں


بھارت، چین اور جاپان سرمایہ کاری کے لئے تیار/ امریکی پابندیوں کا ایران پر کوئی اثر نہیں

وزیرخارجہ محمدجواد ظریف سیاسی، اقتصادی اور کمرشل بینکوں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت، چین اور جاپان، ایران میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں جبکہ امریکی پابندیاں اس سلسلے میں اثرانداز نہیں ہوں گی۔

تسنیم خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، کان کنی، تجارتی اور زرعی  کمپنیوں کے 45 سربراہان کے علاوہ 15 علمی شعبوں سے تعلق رکھنے والے اور آٹھ بینکوں کے عہداروں سمیت  اعلیٰ حکام ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ہمراہ نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔

ایرانی وفد بھارتی مشترکہ بزنس کنفیڈریشن فورم کے اجلاس میں شرکت کرے گا، ایرانی وفد کے اعلیٰ اہلکار آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن سے خطاب بھی کریں گے۔

بھارتی تجار اور صنعتی کمپنیوں کے ساتھ تجارتی شعبوں میں روابط کے فروغ کے لئے تبادلہ خیال بھی کیا جائے گا۔

محمد جواد ظریف نے دہلی ایئرپورٹ پر ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: بھارتی حکام سے کسی قسم کی کوئی سیاسی ملاقات نہیں ہوپائے گی کیوںکہ ہندوستانی اعلیٰ حکام پنجاب کے دارالحکومت امرتسر میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کررہے ہیں۔

ظریف کا کہنا تھا کہ افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات ہوگی اور خطے کے سیاسی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ظریف کا امریکہ کی طرف سے مزید 10 سالہ پابندیوں کی توسیع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا: امریکی کانگریس کے مسودے پر صدر کا دستخط بھی ہوجائے تب بھی اسلامی جمہوری ایران پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت، چین اور جاپان اسلامی جمہوری ایران میں سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہیں امریکی پابندیوں سے ان تینوں ملکوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

ظریف نے مزید کہا: امریکیوں نے اس قسم کے اقدامات کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر غیر ذمہ دار ہونے کا ثبوت دیا ہے۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں اقتصادی اجلاس کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری