ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے/ دشمن کی خواہشات میں سے ایک، نوجوانوں میں اثر و رسوخ پیدا کرنا ہے


ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے/ دشمن کی خواہشات میں سے ایک، نوجوانوں میں اثر و رسوخ پیدا کرنا ہے

رہبر معظم امام خامنہ ای نے "جشن بلوغت" کے موقع پر جوان اور نوجوان طالب علموں کے ایک جلسے سے خطاب کے دوران علم حاصل کرنے اور خود سازی (تذکیہ نفس) پر زور دیتے ہوئے فرمایا: ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے۔

تسنیم خبر رساں ادارے نے مقام معظم رہبری کے دفتر کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امام خامنہ ای نے تہران میں حسینیہ امام خمینی میں منعقد ہونے والے 2000 نوجوانوں سے خطاب فرمایا ہے۔

حضرت امام خامنہ ای نے تازہ بالغ ہونے والے 2000 نوجوانوں کے "جشن بلوغ" کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا: نماز کی بر وقت ادائیگی اور قرآن مجید کی تلاوت اللہ تعالی کے ساتھ رابطہ کے بہترین ذریعے ہیں۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے سن بلوغت کو پہنچتے ہی جشن منایا جاتا ہے جس کو فارسی میں "جشن تکلیف" کہا جاتا ہے اور اس جشن میں تازہ بالغ لڑکوں اور لڑکیوں کو اسلامی اقدار سے روشناس کیا جاتا ہے۔

امام خامنہ ای کا تازہ بالغ جوانوں کے جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ جشن بلوغت اللہ تعالی کی خشنودی حاصل کرنے اور اللہ تعالی کی بندگی میں مشرف ہونے کا نام ہے، بالغ ہونے کے بعد انسان کے دوش پر الہی احکام پر عمل کرنا ضروری اور اس میدان میں قدم رکھنے کے بعد انسان کا اللہ تعالی کے ساتھ گہرا رابطہ قائم  ہو جاتا ہے۔

رہبرمعظم نے فرمایا: انسان ذاتی اور سماجی طور پر صحیح معنوں میں اس وقت ترقی کرسکتا ہے جب اس کے اللہ تعالی کے ساتھ معنوی رابطے برقرار ہوں، آج کے جدید دور کی سب سے بڑی خامی یہی ہے کہ اس نے اللہ تعالی کے ساتھ رابطے کو منقطع کیا ہوا ہے۔ مغرب کی تہذیب میں سب سے بڑی کمی اللہ تعالی سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہ ہونا ہے، انہوں نے اللہ تعالی سے رابطہ منقطع کیا ہوا ہے۔

امام خامنہ ای نے نماز اور قرآن کی تدبر کے ساتھ تلاوت کو اللہ تعالی کے ساتھ رابطہ کا بہترین ذریعہ قرار دیتے ہوئے فرمایا: اس بات کی طرف توجہ دینا کہ نماز کی حالت میں انسان کا مخاطب صرف اور صرف اللہ تعالی ہی ہے اور وہ قادر مطلق ہے، انسان اعتماد بہ نفس ( اپنے آپ پر بھروسہ) ہمت اور شجاعت سے سرشار ہوجاتا ہے۔ پس انسان کو چاہئے کہ نماز صحیح وقت پر ادا کرے اور قرآن پاک کی تدبر کے ساتھ تلاوت کرکے نور ھدایت سے فیض یاب ہوجائے۔

امام خامنہ ای نے  جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: ایران کا مسقبل  آپ نوجوانوں سے وابستہ ہے اور آپ کو ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے سلسلے میں آمادہ رہنا چاہیے، دشمن سیاسی، اقتصادی، اور ملک میں ثقافتی طور پر اثر و رسوخ کے لئے جوانوں کا انتخاب کرتا ہے وہ جوانوں میں اثر و رسوخ کے ذریعے ملک پر تسلط حاصل کرنا چاہتا ہے، لہٰذا تم آج ایران کے فرزند اور کل اس ملک کے رہنما و رہبر ہو، ملک کا مسقبل تم سے ہی وابستہ ہے، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لئے فعالانہ طور پر سماجی اور ذاتی اعتبار سے دشمن کے ہر قسم کے حربوں کو ناکام بنانے کی مؤثر انداز میں کوشش کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

امام خامنہ ای نے جوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا: اپنے آپ کو علم سے آراستہ کرو اور خوب پڑھو، اپنی جسمی، فکری، روحی اور معنوی صحت و سلامتی کا خیال رکھو۔

جسم کی سلامتی اور تندرستی مناسب غذائیت، ورزش اور کھیلوں کے ذریعے ممکن ہے جبکہ روحی اور معنوی تندرستی اللہ تعالی کی طرف توجہ، نماز، دعا، آئمہ اطہار علیہم السلام سے توسل، اور شہیدوں کی یاد کے ذریعہ حاصل کی جاسکتی ہے۔

فکری تندرستی کے لئے ضروری ہے کہ انسان اچھی کتابوں کا مطالعہ کرے اور فکری طور پر اپنے آپ کو پاک بنائے۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: انسان اپنی زندگی کے مختلف مراحل میں بے شمار تجربات حاصل کرتا ہے۔ زندگی میں رونما ہونے والے حوادث کا انسان کو شجاعت اور دلیری کے ساتھ مقابلہ کرنا چاہیے اور دینی و دنیاوی عزت اور عظمت کے حصول کے لئے معنوی بنیادوں کو مضبوط بنانا چاہیے۔

رہبر انقلاب نے ایک بار پھر جوانوں سے مخاطب ہوکر فرمایا: میرے عزیزو! اس ملک کا مستقبل تم سے ہی وابستہ ہے تم ہی  نےمستقبل قریب میں اس ملک کی باگ ڈور سبنھالنی ہے، لہٰذا تم موقع سے فائدہ اٹھاؤ، خوب پڑھو اور اپنے آپ کو مستقبل کے لئے تیار کرو۔

رہبر انقلاب نے اسی طرح جوانوں سے فرمایا: ہمارے شہداء نے انقلاب اسلامی اور ملک کی خودمختاری اور قومی مفادات اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے  کی خاطر اپنی جانیں قربان کی ہیں یعنی انہوں نے اپنی جانیں اللہ تعالی کی راہ میں دے دی ہیں تمہیں ملکی تاریخ کی کتابوں کا مطالعہ کرکے ان عظیم قربانیوں سے آشنا ہونا چاہئے۔

امام خامنہ ای نے آخر میں  جوانوں سے والدین کے حقوق اور ان کا احترام کرنے کی تلقین کی۔

اس ملاقات کے بعد مؤمن جوانوں نے مغرب  و عشاء کی نماز رہبر معظم انقلاب اسلامی کی امامت میں ادا کی۔

ترجمہ: غلام مرتضی جعفری

اہم ترین ایران خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری