نوازشریف کی جمہوریت کو اب نہیں بچائیں گے، آصف زرداری


نوازشریف کی جمہوریت کو اب نہیں بچائیں گے، آصف زرداری

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے 2 بار نوازشریف کی جمہوریت بچائی لیکن اب ان کا ساتھ نہیں دیں گے بلکہ ان کے خلاف لڑیں گے اور اپنی جمہوریت لائیں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے 50ویں یوم تاسیس  کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے پاکستان کو نئی شناخت دی اور بلوچستان کو حقوق دیے جب کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور مراعات بڑھائیں گے، آمروں کو ہمیشہ کہتا تھا کہ ملک میں ان کا کوئی مستقبل نہیں ہے، آج مشرف ملک  سے باہر چھپا پھرتا ہے اور وہ سیاست میں تبدیلی لانے کی کوشش کررہا ہے لیکن کامیاب نہیں ہوگا۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین نے کہا کہ ہم نے 2 بار نوازشریف کا جمہوریت پر ساتھ دیا لیکن میاں صاحب نے ملک کو کنگال کردیا ہے، ایک بار جب وہ دھاندلی زدہ الیکشن میں منتخب ہو کرآئے اور دوسری بار عمران خان کے دھرنے کے دوران ان کے ساتھ کھڑے ہوئے لیکن اب جمہوریت کے لیے نوازشریف کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے بلکہ ان سے لڑیں گے اور مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی جمہوریت لائیں گے جب کہ ’گاڈ فادر‘ اور عمران خان کو سمجھ نہیں آرہی ہے کہ آپ کے پاس کچھ ہوگا تو عوام کو دیں گے جب کہ اب جو کچھ ہوگا ووٹ کے ذریعے ہی ہوگا۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور بھارت کو اسے نہیں لینے دیں گے اور نہ ہی پاکستان کو نیپال  بننے دیں گے، ہم کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم کرکے افغانیوں کو اپنا دوست بنائیں گے، افغانستان سے اچھے مراسم چاہتے ہیں اور  یہ نہ سمجھیں کہ اس وقت صرف افغانستان مشکل میں ہے بلکہ پاکستان بھی مشکلات کا شکار ہے لیکن دونوں ممالک مل کر سرحدوں کو محفوظ کریں۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری