اگر پیسہ لوٹنا ہوتا تو 5 ارب ڈالر کی پیشکش ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے نہ کرتا، نواز شریف


اگر پیسہ لوٹنا ہوتا تو 5 ارب ڈالر کی پیشکش ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے نہ کرتا، نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اگر پیسہ لوٹنا ہوتا تو امریکی صدر کی پانچ ارب ڈالر کی پیش کش ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے نہ کرتا، آمر پرویز مشرف نے ایک فون کال پر لیٹ کر پاکستان کے مفادات کا سودا کیا مگر منتخب وزیراعظم ڈٹا رہا۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آج پاکستان ایٹمی قوت ہے اور کوئی ہمیں میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ 

لاہور میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 1985 سے لیکر آج تک عوام کے ساتھ 33 سال کا رشتہ میرا بڑا قیمتی سرمایہ ہے جو آج بھی بہت مضبوط ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر میں نے کرپشن کرنی ہوتی تو امریکی صدر بل کلنٹن نے مجھے 5 ارب ڈالر کی آفر کی تھی، برطانیہ اور کینیڈا کے وزیراعظم نے بھی مجھے ٹیلی فون کیے کہ ایٹمی دھماکے نہ کرو۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں محب وطن نہ ہوتا تو 5 ارب ڈالر اپنی جیب میں ڈال لیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے امریکی صدر نے کہا کہ بھارت نے ایٹمی دھماکے کیے ہیں تو ان کا جواب دینا ہمارا حق بنتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں الماتی میں تھا تو مجھے بتایا گیا کہ بھارت نے ایٹمی دھماکے کر دیے ہیں، میں نے ڈاکٹر ثمر مبارک اور اے کیو خان کو حکم دیا کہ تیاری کر لو لیکن منتخب وزیراعظم فیصلہ کر رہا تھا تو بہت سے لوگ اس سے متفق نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ دھماکے کرنے کے لیے ٹنل بنانی پڑے گی تو میں نے فون کر کے کہا کہ کوئی بھی ٹنل بنانی پڑے جلدی بناؤ اور دھماکوں کے بعد فون کر بل کلنٹن کو آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کو بتایا کہ پاکستان بھی اتنا ہی طاقتور ہے جتنے تم ہو، ایٹمی دھماکوں کے 8 ماہ بعد بھارتی وزیراعظم واجپائی خود چل کر پاکستان آئے، اگر پاکستان ایٹمی قوت نہ بنتا تو کیا بھارتی وزیراعظم بس میں بیٹھ کر پاکستان آتے؟

نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد ایک منتخب وزیراعظم نے رکھی تھی اور ایٹمی دھماکے بھی ایک منتخب وزیراعظم نے ہی کیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا اور ہم معاشی قوت بننے جا رہے تھے کہ مجھے گھر بھیج کر اس کی سزا دی گئی۔

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری