یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام پر شہر شہر مجالس اور جلوس

یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام پر شہر شہر مجالس اور جلوس

یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام آج عقیدت و احترام سےمنایا جارہا ہے، ملک بھرمیں مجالس عزابرپا ہوں گی اور ماتمی جلوس برآمد کیے جائیں گے۔

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام آج عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے، ملک بھر میں مجالس عزابرپا ہوں گی اور ماتمی جلوس برآمد کیے جائیں گے، عزاداران نوحہ خوانی کرتے ہوئے منزل کی جانب رواں دواں ہیں۔

کراچی میں مرکزی ماتمی جلوس نشتر پارک سے 1 بجے برآمد ہوگا، جلوس کی قیادت بوتراب اسکاوٴٹس کرینگے۔

یوم علی علیہ السلام کی جلوس کے لیے فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، پانچ ہزارسے زائد پولیس اہلکار و افسران سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، جلوس کے شرکا نماز ظہرین ایم اے جناح روڈ امام بارگاہ علی رضا علیہ السلام پر ادا کریں گے، جس کے بعد نشترپارک سے برآمد ہونیوالا یوم علی علیہ السلام کا مرکزی جلوس سی بریز ،صدر دواخانہ ،امپریس مارکیٹ،ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان، بولٹن مارکیٹ،لائٹ ہاوس موڑ سے ہوتا ہوا کھارادر سے حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوگا۔

جلوس کے روٹ پر کنٹینر لگا کر راستے بلاک کر دیے جبکہ موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی ایک روز کیلئے پابندی عائد ہے۔

لاہورمیں حویلی مبارک شاہ سے کچھ دیر بعد یوم علی علیہ السلام کا ماتمی جلوس برآمد ہوگا، جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا، مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا۔

راولپنڈی میں امام بارگاہ زینبیہ سے برآمد ہونے والا ماتمی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین میں اختتام پذیر ہوا۔

پشاور میں بھی یوم علی علیہ السلام کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ عالم شاہ پر اختتام پذیر ہوا۔

حیدرآباد میں یوم علی علیہ السلام کا مرکزی جلوس کربلا دادن شاہ سے برآمد ہوگا، جلوسوں کی سیکیورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ میں بلند عمارتوں پر پولیس کمانڈوز تعینات کر دیئے گئے ہیں جبکہ جلوس کے راستے سےمتصل 28 گلیاں سیل کی جارہی ہیں۔

ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی یوم علی علیہ السلام بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جارہا ہے، مرکزی جلوس امام بارگاہ کاشانہ حیدر سے برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں پر گامزن ہے۔

اہم ترین اسلامی بیداری خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری