ریلوے حکام کی ٹرینوں سے گیس سلنڈر ہٹانے کی ہدایت / ہنگامی زنجیروں کا خیال اب بھی نہیں آیا


ریلوے حکام کی ٹرینوں سے گیس سلنڈر ہٹانے کی ہدایت / ہنگامی زنجیروں کا خیال اب بھی نہیں آیا

پاکستان ریلویز کے حکام نے سانحہ تیز گام ایکسپریس کے بعد تمام ٹرینوں کے کچن اور ڈائننگ کار میں موجود گیس سلنڈر اور چولہے ہٹانے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاہم حکام کا دھیان ابھی تک ہنگامی زنجیروں کی جانب نہیں گیا۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان ریلویز کے حکام نے سانحہ تیز گام ایکسپریس کے بعد تمام ٹرینوں کے کچن اور ڈائننگ کار میں موجود گیس سلنڈر اور چولہے ہٹانے اور چائے و کھانے کی اشیاءگرم کرنے کیلئے مائیکروویو اوون استعمال کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ساتھ میں یہ تنبہہ بھی کر دی گئی ہے کہ مستقبل میں گیس سلنڈر یا چولہا برآمد ہونے کی صورت میں عملہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاہم تاحال ریلوے حکام کو یہ خیال نہیں آیا کہ ہنگامی زنجیروں بھی ٹھیک سے کام کرنی چاہئیں۔

ریلوے حکام کی جانب سے جاری مراسلہ کے مطابق پاکستان ریلویز نے تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی کے سانحہ کے بعد تمام ٹرینوں سے گیس سلنڈر اور چولہے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں تمام ڈویژن کے ڈی ایس اور متعلقہ افسران کو مراسلہ بھجوادیا گیا ہے جس میں سلنڈرز اور چولہوں کو جلد سے جلد ہٹانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی ٹرین سے یہ چیزیں برآمد ہونے کی صورت میں متعلقہ عملہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ اس مراسلے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ عوام کو یقین آجائے کہ تیزگام میں آتشزدگی کی وجہ مسافرین کے سیلنڈر کا پھٹنا ہی تھی جبکہ متاثرین اب بھی اپنے موقف پر قائم ہیں کہ آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی۔

بہرحال آگ لگنے کی جو بھی وجہ تھی وہ شفاف تحقیقات میں سامنے آہی جائے گی البتہ انتہائی افسوس کی بات یہ ہے کہ 75 قیمتی جانوں کے نقصان کے باوجود ریلوے حکام کو ہنگامی زنجیروں کا خیال نہیں آیا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری