سانحہ تیزگام پر ریلوے کی پھرتیاں / انکوائری مکمل ہونے سے پہلے ہی 6 افسر معطل


سانحہ تیزگام پر ریلوے کی پھرتیاں / انکوائری مکمل ہونے سے پہلے ہی 6 افسر معطل

تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی کے بعد وزارت ریلوے نے تحقیقات پوری ہونے سے پہلے ہی فرائض میں غفلت برتنے کے الزام میں کمرشل و ٹرانسپوٹیشن گروپ اور ریلوے پولیس کے 6 افسران کو معطل کر دیا ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق تیزگام سانحے کی تحقیقات کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ آتشزدگی کی وجہ مسافرین کا سیلنڈر پھٹنا تھی۔

اس حوالے سے ایف جی آئی آر سانحے کی وجوہات کے بارے میں اپنی تفصیلی تحقیقاتی رپورٹ آئندہ 2 ہفتوں میں پیش کرے گا تاہم ریلوے نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے کمرشل و ٹرانسپوٹیشن گروپ اور ریلوے پولیس کے 6 افسران کو معطل کر دیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق معطل کئے جانے والے افسران میں ڈویژنل کمرشل آفیسر کراچی جنید اسلم، ڈویژنل کمرشل آفیسر سکھر عابد قمر شیخ، اسسٹنٹ کمرشل آفیسر سکھر راشد علی، اسسٹنٹ کمرشل آفیسر کراچی احسان الحق، ریلوے پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سکھر دلاور میمن اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ریلوے پولیس کراچی حبیب اللہ خٹک شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سانحہ تیزگام ایکسپریس کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر محکمہ ریلوے ہی کے اہلکار، فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف پاکستان ریلوے (ایف جی آئی آر) دوست علی لغاری کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عینی شاہدین اس بات پر مصر ہیں کہ ٹرین میں آتشزدگی کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی۔ اس حوالے سے وہ حکومت سے مکرر شفاف تحقیقات کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ موجودہ وزیر ریلوے شیخ رشید کی وزارت میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ریلوے حکام نے غفلت برتنے پر اعلیٰ افسران کے خلاف اس قدر سخت ایکشن لیا گیا ہے کہ 6 افسران کو معطل کر دیا گیا یعنی 75 قتل کی پاداش میں 6 افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سانحہ تیزگام میں لاپتہ ہونے والے شخص کے اہل خانہ نے بتایا کہ اس کا چھوٹا بھائی صدمے کی وجہ سے انتقال کرگیا ہے، اس کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ عبدالستار کراچی سے آیا تھا اور اپنے لاپتا بھائی کا غم برداشت نہیں کرسکا۔

جناب وزیراعظم، جناب وزیرریلوے!! مقتولین کی تعداد 76 ہوچکی ہے۔ ہو سکے تو دو چار افسران مزید معطل کر دیجیئے تاکہ متاثرین اپنے خاندان والوں کی اندوہناک موت بھول سکیں (کم از کم اگلا حادثہ ہونے تک)۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری