افغانستان: پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری


افغانستان: پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری

پاکستان کے احتجاج کے باوجود افغان انٹیلی جنس حکام کی جانب سے پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق وزارت خارجہ پاکستان کے احتجاج کے باوجود افغان انٹیلی جنس حکام کی جانب سے پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

 افغانستان میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے عملہ کو سول کپڑوں میں ملبوس نامعلوم مسلح افراد ہراساں کررہے ہیں جبکہ ان کی نقل و حرکت میں بھی رکاوٹ ڈالی جارہی ہے جس کے باعث عملہ خوف کا شکار ہے۔

واضح رہے کہ یہ سلسلہ گزشتہ 5روزسے جاری ہے۔ پاکستان نے یہ معاملہ افغانستان کے سامنے بھی اٹھایا تھا اور وہاں کے حکام نے اس سلسلے میں تحقیقات کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔

تاہم تاحال حالات میں بہتری نہیں آئی ہے اور پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

یاد رہے کہ کابل حکام کے پاکستانی سفارتکاروں کی نقل وحرکت میں رکاوٹ بننے پر اور ان کو ہراساں کرنے پر پاکستانی سفارت نے افغان شہریوں کے لئے ویزے کا اجراء روک دیا ہے۔

جبکہ چند روز قبل 28 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کی تقریب سے 2 گھنٹے قبل پاکستانی سفارتخانے کے باہر مشتعل لوگوں نے مظاہرہ کیا اور پاکستان کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔

اس زمرے میں پاکستانی سفیر زاہد نصراللہ نے بتایا تھا کہ سفارتخانے میں کشمیر یوم سیاہ سے متعلق تقریب ہونا تھی جس میں سفارتکاروں، صحافیوں، سیاسی عمائدین اور دیگر شخصیات نے شرکت کرنا تھی تاہم تقریب شروع ہونے سے 2گھنٹے پہلے پاکستانی سفارتخانے کے باہر مظاہرہ شروع ہوگیا جس میں شامل لوگوں نے پاکستان کے خلاف نعرہ بازی شروع کردی۔ انہوں نے بتایا کہ تقریب میں شرکت کی غرض سے سفارتخانے آنے والے مہمانوں کو مظاہرین نے ڈرایا دھمکایا۔

پاکستانی سفیر نے بتایا کہ مظاہر ے کے باعث تقریب میں آنیوالے مہمان سفارتخانے میں نہیں آ پائے۔

انہوں نے نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس معاملے پر جب افغان حکام سے رابطہ کیا گیا تو کوئی جواب نہیں ملا جبکہ پولیس کی جانب سے بھی کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

پاکستانی سفیر زاہد نصراللہ کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اور پولیس کی ملی بھگت سے احتجاج کیا گیا ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری