سندھ میں سڑکیں بند نہیں کرنے دیں گے / پیپلز پارٹی نے مولانا کے دھرنے کی مخالفت کردی


سندھ میں سڑکیں بند نہیں کرنے دیں گے / پیپلز پارٹی نے مولانا کے دھرنے کی مخالفت کردی

وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کی کال پر واضح کیا ہے کہ سندھ حکومت کسی کو بھی سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق پیپلز پارٹی نے مولانا کے دھرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت کسی کو بھی سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

اس حوالے سے وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے کہا کہ حکومت سندھ کسی کوبھی سڑک بند کرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق مخصوص مقام پردھرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ حب ریور روڈ کو بند کیا جائے گا تو شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج سب کاحق ہے لیکن سڑکیں بند کرناقانون کے دائرے میں نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ سڑکیں بند نہ ہوں اور جے یو آئی راضی ہو جائے لیکن اگر جے یو آئی نہ مانی تو پھر دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے لئے بدنظمی کا مسئلہ نہیں پیدا ہونا چاہئے، سڑکیں بلاک ہونگی توقانون حرکت میں آئے گا۔

دوسری جانب جے یو آئی کے رہنما عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ بڑے مقاصد پانے کے لئے چھوٹی تکالیف اٹھانی پڑتی ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ سڑکیں بند کرنے سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہوگا، تاہم انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ حکومت گرانے کے لئے یہ ضروری ہے۔

واضح رہے کہ جے یوآئی نے تاحال احتجاج کے لئے اجازت طلب نہیں کی تاہم سند حکومت نے سڑکیں بند کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری