عوام کا یہ سمندر اس بات پر قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گھر جا کر گرفتار کرلے؛ مولانا نے شرکاء کو بغاوت پر اکسا دیا


عوام کا یہ سمندر اس بات پر قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گھر جا کر گرفتار کرلے؛ مولانا نے شرکاء کو بغاوت پر اکسا دیا

مولانا فضل الرحمن نے آزادی مارچ کے شرکاء کو بغاوت کے لئے تیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کا اجتماع اس بات پر قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گھر جا کر گرفتار کرلے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دودن میں استعفیٰ دیں، دودن میں استعفیٰ نہ دیا تو پھر اگلا فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے حکومت کو للکارتے ہوئے کہا کہ عوام کا اجتماع اس بات پر قدرت رکھتا ہے کہ وزیراعظم کو گھر میں جاکر گرفتار کرلے۔ اس موقع پر مظاہرین نے حکومت اور وزیراعظم کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد میں کسی ایک پارٹی کا اجتماع نہیں بلکہ یہ ساری قوم کا اجتماع ہے جو دنیا پر واضح کررہا ہے کہ پاکستان پر حکمرانی کرنے کا حق پاکستان کی عوام کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ اجتماع ہے اور پوری دنیا اس کو سنجیدگی سے لے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کہتی ہے کہ کرپشن کا خاتمہ کر رہے حالانکہ ہیںلیکن ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پچھلے ایک سال میں کرپشن میں تین فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم نے کرپشن میں اضافہ کیا، تم چوروں کے چور ہو، کفن کش کے بیٹے بن گئے ہو۔

ہم چاہتے کہ پرامن رہیں بصورت دیگر اسلام آباد میں عوام کا یہ سمندر اس بات پر قدر ت رکھتا ہے کہ وزیر اعظم کے گھر جاکر اس کوخود گرفتار کرلے انہوں نے کہا کہ سب اس میدان استقامت کے ساتھ رہیں اورکوئی یہاں سے نہیں ہلے گا، استقامت کے ساتھ رہنا ہے، ان سے دو دن میں استعفیٰ لینا ہے اور اگر نہیں دیا تو پھر ہم صبر وتحمل کا مظاہرہ نہیں کرسکیں گے۔

واضح رہے کہ آزادی مارچ میں شرکت کے لیے ملک بھر سے جمعیت علمائے اسلام کے کارکن جمع ہیں۔ جلسے میں سیکیورٹی کے انتظامات انصارالاسلام کی ذمہ داری ہے۔

دوسری جانب حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے وزیراعظم کی گرفتاری کی بات بلی کے خواب میں چھیچھڑے جیسا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو معاہدہ کی خلاف ورزی کرے گا قانونی کارروائی ہوگی۔ حکومت نے معاہدہ کی پاسداری کرتے ہوئے انکے راستے نہیں روکے، پورا پاکستان دیکھ رہا ہے کون معاہدے کی پاسدرای کررہا ہے اور کون توڑ رہا ہے۔ معاہدہ توڑا گیا تو یہ حکومت ہے کوئی مذاق نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کیلئے ایک ارب 13 کروڑ روپے چندہ اکٹھا کیا ہے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ اپوزیشن کا منشور عوامی نہیں ہے ، انہوں نے قوم کو کنفیوز کیا ہوا ہے، مولانا فضل الرحمان کشمیر کاز کو نقصان پہنچا کر اپنے مقصد میں کامیاب ہوچکے ہیں۔

عثمان ڈار نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ اور 2014 کے دھرنے کے موازنے پر مبنی سوال پر کہا کہ تحریک انصاف نے 15 ماہ تک عدالت اور پارلیمنٹ سمیت ہر فورم استعمال کیا اس کے بعد احتجاج کیلئے باہر نکلی۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری