ادارے غیر جانبدار رہیں، مولانا / فوج جمہوری حکومت کے ساتھ ہے، آصف غفور


ادارے غیر جانبدار رہیں، مولانا / فوج جمہوری حکومت کے ساتھ ہے، آصف غفور

اسلام آباد میں آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ادارے غیرجانبدار رہیں جبکہ شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ہمیشہ سے جمہوری حکومت کی حمایت کی ہے۔

خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کسی ادارے کا عوام پر مسلط ہونے کا حق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو تو جانا ہی جانا ہے لیکن میں اداروں سے بات کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے ادارے غیر جانبدار رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اداروں کو مضبوط اور غیرجانبدار دیکھنا چاہتے لیکن اگر اس حکومت کی پشت پر ہمارے ادارے ہیں تو پھر ہم اداروں کو دو دن کی مہلت دے رہے ہیں کہ اس پر بات کریں گے کہ ہم اداروں کے بارے میں اپنی کیا رائے رکھتے ہیں؟

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے واضح کیا کہ افواج پاکستان غیرجانبدار ادارہ اور منتخب جمہوری حکومت کے ساتھ ہوتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوئی بھی جمہوری حکومت ہو افواج پاکستان بطور ادارہ اس کو سپورٹ کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انتشارملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ جمہوری مسائل جمہوری طور پر ہی حل ہونے چاہئیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے مولانا فضل الرحمن کے بیان کے حوالے سے کہا کہ فضل الرحمان سینئر سیاستدان ہیں وہ بتا دیں کہ کس ادارے کی بات کررہے ہیں، ہماری سپورٹ جمہوری طور پر منتخب حکومت کے ساتھ ہوتی ہے۔

افواج پاکستان غیرجانبدار ادارہ ہے اور  کوئی بھی جمہوری حکومت ہو افواج پاکستان بطور ادارہ اس کو سپورٹ کرتا ہے۔

آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفورکا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنے تحفظات لے کر متعلقہ اداروں میں جاسکتی ہے، سڑکوں پر آکرالزام تراشی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں صاف الفاظ میں واضح کیا کہ ملکی امن کو کسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی ملکی استحکام کو خراب ہونے دیا جائے گا۔

 

اہم ترین پاکستان خبریں
اہم ترین خبریں
خبرنگار افتخاری